نئی دہلی،12؍جولائی(ایس او نیوز) ملک میں نفرت انگیز اور متنازعہ بیانات دینے کا سلسلہ جاری ہے اور ایسا لگتا ہے کہ آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت کی باتیں سننے اور اُن پر عمل کرنے کے لئے خود بی جے پی لیڈران اور بی جے پی وزراء تک تیار نہیں ہیں، جس کو دیکھتے ہوئے ایسا کہا جارہا ہے کہ مسلمانوں سے صرف زبانی ہمدردی دکھانے کے لئے اس طرح کے بیانات جاری کئے جارہے ہیں۔
بتاتے چلیں کہ آرایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے ہندومسلم ڈی این اے کے بیان کے بعد ملک میں حالات پرامن ہونے کے بجائے مزید خراب ہوتے جارہے ہیں -اترپردیش سمیت 5ریاستوں میں 2022 میں ہونے والے انتخابات پر اثرانداز ہونے ہندو۔مسلم اتحاد کو پارہ پارہ کرنے اور مسلسل اس طرح کے بیانات دے کر حالات کو خراب کرنے کی کوششیں جاری ہیں -
|
سلمان خورشید نے پوچھا چُبھتا ہوا سوال؛ پہلے وزیر بتائیں کہ ان کے کتنے قانونی اور غیرقانونی بچے ہیں: کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ سلمان خورشید نے یوپی میں آبادی کنٹرول بل کے حوالے سے ایک چبھتا ہوا سوال کرڈالا ہے اور پوچھا ہے کہ ریاست میں آبادی کنٹرول بل کو نافذ کرنے سے پہلے حکومتی لیڈروں اور وزراء کو بتانا چاہیے کہ ان کے کتنے بچے ہیں،انہیں یہ بھی بتانا چاہئے کہ ان میں سے کتنے بچے’غیر قانونی‘ ہیں - |
تازہ بیان مرکزی وزیر مملکت برائے سماجی انصاف رام داس اتھاولے کا سامنے آیا ہے جنہوں نے مسلمانوں کی آبادی میں اضافہ کو روکنے کیلئے لائی جانے والی آدتیہ ناتھ کی نئی پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ مسلمانوں میں تین تین،چار چار شادیوں کی وجہ سے ملک میں ان کی آبادی میں کافی اضافہ ہوتا جا رہا ہے ان کی آبادی میں اضافہ کو روکنا ضروری ہے- اپنے بیان میں انہوں نے البتہ یہ بھی کہا کہ ہندوؤں اور دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی آبادی میں بھی اضافہ ہوا ہے-
وزیر تو وزیر موہن بھاگو ت کے بیان کا اثربی جے پی کے رکن پارلیمان پر بھی نہیں ہورہاہے ایک اور متنازعہ اور نفرت انگیز بیان مدھیہ پردیش کے مندرسور سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سدھیر گپتا کا بھی سامنے آیا ہے انہوں نے فلم اداکار عامر خان کو نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ بھارت کی ترقی کیلئے آبادی کوکنٹرول کرنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جائیں -انہوں نے الزام لگایا کہ عامر خان جیسے لوگوں کا آبادی کوغیر متوازن کرنے میں ہاتھ ہے- ان کی پہلی بیوی رینا دتہ اپنے دو بچوں کے ساتھ اور دوسری بیوی کرن راؤ اپنے بچے کے ساتھ گھوم رہی ہیں ایسے میں عامر خان نے تیسری کی تلاش شروع کردی ہے-
واضح ہوکہ اتوار کو عالمی یوم آبادی کے موقع پر اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے آبادی کنٹرول بل کا مسودہ پیش کیا- اِس بل میں ایک ایسی تجویز فراہم کی گئی ہے کہ دو سے زیادہ بچوں والے جوڑے سرکاری ملازمت حاصل نہیں کرسکیں گے، نیزوہ کام کرنے والے افراد جن کے دو سے زیادہ بچے ہیں، وہ تمام تر سہولیات سے محروم رہیں گے- دوسرے افراد جن کے دو سے زیادہ بچے ہیں، لیکن وہ کام نہیں کررہے ہیں، ان کیلئے کئی ساری سہولیات بھی بند کردی جائیں گی-